پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں دھوکا دہی سے آرڈر جاری کروایا، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی اور سپریم کورٹ میں دھوکا دہی کے ذریعے آرڈر جاری کروایا، ہمارے پاس شواہد ہیں کہ یہ سیاسی مارچ نہیں بلکہ فتنہ و فساد پروگرام تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مارچ ایک سیاسی پروگرام نہیں بلکہ فتنہ و فساد پروگرام تھا، ان کا اسلحہ لانے کا اقدام کرمنل ایکٹ ہے، آپ گولی چلانے کے لیے ہی مسلح لوگ لائے تھے، کابینہ کے سامنے اس اقدام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی اجازت مانگی ہے، حکومت اجازت دے تو مقدمہ درج کرائیں گے، کابینہ نے ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو اس پر کام کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا بیان ہے کہ کارکنان لانگ مارچ میں اسلحہ لائے تھے اور وہاں سوفیصد خون خرابہ ہونا تھا، میں کہتا ہوں کہ سو فیصد نہیں بلکہ دو سو فیصد وہاں خون خرابہ ہونا تھا کیوں کہ تحریک انصاف والے وہاں سیاسی مارچ کرنے نہیں بلکہ وفاق پر حملہ آور ہوکر خون خرابہ کرنے ہی آئے تھے، صوابی میں آپ لوگوں کے پاس اسلحہ موجود تھا جس کی ویڈیوز موجود ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے لیے کے پی حکومت کے وسائل کو استعمال کیا، چند ہزار مسلح لوگ اسلام آباد کی طرف بڑھے، انتشار پھیلانے کے لیے پارلیمنٹ لاجز اور کے پی ہاؤسز میں جتھوں کو ٹھہرایا گیا، ہم نے تمام بلڈنگ مارک کرلی کہ کس جگہ کتنے لوگ تھے، کے پی پولیس کو کرمنل لشکر میں شامل کیا گیا جس پر اٹک اور میانوالی کے بعد انہیں اسلام آباد کی حدود پر روکا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی اور سپریم کورٹ میں دھوکا دہی کے ذریعے آرڈر جاری کروایا، پی ٹی آئی کے مارچ کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا ہمارے پاس شواہد ہیں کہ یہ سیاسی جلسہ نہیں تھا پی ٹی آئی کا مقصد افراتفری، انارکی پھیلانا اور اسلام آباد کو سیل کرنا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔