امریکا نے اس سے پہلے بھی دو بار مداخلت کی، اعجاز الحق

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

پشاور: مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے ملاقات کی، جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اعجاز الحق نے پشاور میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ اب نقصان کے سوا کچھ نہیں، دو ماہ سے ملک ان حالات کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی صورت حال پر عدالتیں بھی خاموش ہیں، پہلے این آر او سے سیاسی جماعتوں نے سبق نہیں سیکھا۔

غیرملکی مراسلے پر اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکورٹی کونسل نے دو بار غیر ملکی مراسلے کی تصدیق کردی ہے، پہلی بار غیرملکی مداخلت 1988 میں ہوئی، جب غلام اسحاق خان کو مراسلہ دیا گیا تھا، اس کے بعد اسمبلی بننے سے پہلے امریکا کی طرف سے صدر مملکت کو مراسلہ ملا، اس دوسرے مراسلے کا ذکر امریکا کی سابق وزیر خارجہ کونڈا لیزا رائس کی کتاب میں بھی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ملکی تاریخ میں پہلی بار پولیس اسمبلی میں داخل ہوئی، پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان ڈی سیٹ ہوگئے پھر بھی کابینہ بنائی جارہی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد تر ہوتی جارہی ہے، حالات اس حد تک خراب ہونے کے باوجود بھی فریقین مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہیں، جو بہت ہی سنگین بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔