سیاسی حالات نے پاکستان آنے والی فیفا کپ 2022 کی ٹرافی کا رخ موڑ دیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 31 مئ 2022
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی (فوٹو فائل)

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی (فوٹو فائل)

اسلام آباد کے سیاسی حالات میں کشیدگی کے باعث پاکستان آنے والی فیفا عالمی کپ 2022 کی ٹرافی کا رخ تبدیل کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 21 نومبر سے خلیجی ریاست قطر میں ہورہا ہے جس کی فاتح ٹیم کو دی جانے والی چمچماتی ٹرافی دنیا کے سفر پر نکلی ہے جسے 7 جون کو اسلام آباد پہنچنا تھا مگر اب ٹرافی کا رخ تبدیل ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی فٹبال کپ کی ٹرافی کا رخ اسلام آباد کے سیاسی حالات کے باعث تبدیل کیا گیا ہے جس کا اب لاہور کے پانچ ستارہ ہوٹل میں استقبال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  ایک روزہ دورہ پر ازبکستان سے پاکستان آنے والی فیفا ٹرافی کی لاہور کے مقامی پانچ ستارہ ہوٹل میں تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

معروف مشروب بنانے والا ادارہ ٹرافی کے عالمی سفر کا اسپانسر اور منتظم ہے، جس نے لاہور میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں اہم شخصیات اور معروف کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔

دوسری جانب پی ایف ایف نارملائزئشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم نے ٹرافی کو پاکستان کادورہ کرانے کے حوالے سے سرکاری طور پر ابھی مطلع نہیں کیا گیا۔

دبئی میں منعقدہ تقریب رونمائی کے بعد اپنے عالمی سفر پر روآنہ ہونے والی  خالص سونے کی بنی ہوئی ٹرافی کاوزن 6.142 کلو گرام ہے۔

پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے عالمی سفر کے دوران میگا ایونٹ میں شریک 32 ممالک سمیت 51 ممالک کا دورہ کرے گی اور پاکستان میں ایک روزہ قیام کے بعد اپنی اگلی منزل سعودی عرب روآنہ ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ فٹبال کا عالمی کپ فیفا 2022 خلیجی ریاست قطر میں 21 نومبر سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔