خراب کوالٹی کا تیل لانے پر طالبان نے 12 ایرانی ٹینکروں کو واپس بھیج دیا

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

نمروز: طالبان نے خراب کوالٹی کا تیل افغانستان میں لانے پر 12 ایرانی آئل ٹینکرز کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا۔

افغان میڈیا نے طالبان کے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران سے درآمد کیے گئے تیل کے 12 ٹرکوں میں ناقص معیار کا تیل موجود  پایا گیا اور انہیں واپس ایران بھیج دیا گیا۔

صوبہ نمروز کے طالبان گورنر، صوبائی پولیس چیف، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی کے نمائندے، کسٹمز اور محکمہ نارم اینڈ سٹینڈرڈ کے حکام کی موجودگی میں طالبان چیف آف پولیس آفس میں کرائم کنٹرول کے ڈائریکٹر قاری عبدالرحیم حذیفہ نے بتایا کہ نارم اینڈ اسٹینڈرڈ ڈپارٹمنٹ کی لیبارٹری میں جانچ کے بعد ایران سے درآمد کیے گئے 500,000 لیٹر آئل کے 12 ٹینکروں میں خراب کوالٹی کا تیل پایا گیا جس کے بعد ٹینکروں کو واپس ایران بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کی زیر صدارت اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مذکورہ بالا ٹیم خراب کوالٹی کے پیٹرولیم اور گیس مصنوعات کی نشاندہی کرنے اور ان کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔

دوسری جانب صوبہ نمروز کے متعدد مقامی لوگوں نے طالبان کے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ناقص معیار کا تیل فضائی آلودگی میں معاون اور شہریوں کیلئے سنگین مسائل کا باعث بن رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔