متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2022
پٹرول کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، فوٹو: فائل

پٹرول کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، فوٹو: فائل

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 27 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جو کہ تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ رد وبدل کے سلسلے میں جون کے مہینے سے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ 27 پاکستانی روپے تک کا ہوا ہے۔

جس کے بعد یو اے ای میں اب ایک لیٹر پٹرول 4.15 درہم یعنی 225 پاکستانی روپے میں ملے گا جب کہ گزشتہ ماہ یہ قیمت 3.66 درہم فی لیٹر یعنی 198 پاکستانی روپے تھی۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 4.14 درہم یعنی 225 پاکستانی روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز سے تاحال متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمت دوگنی ہوچکی ہے۔

تاہم چھوٹی گاڑیوں میں استعمال ہونے والا 91- ای پٹرول کی قیمت 3.96 درہم فی لیٹر رکھی گئی ہے جو پاکستانی روپوں میں 213 روپے بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں نئی حکومت نے پٹرول پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرکے 30 روپے فی لیٹر قیمت بڑھا دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔