یوکرین روس جنگ سے خطے کو مشکلات کا سامنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2022
انقرہ میں ترکی پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب۔ فوٹو : ٹویٹر

انقرہ میں ترکی پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب۔ فوٹو : ٹویٹر

انقرہ/اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یوکرین روس جنگ کی وجہ سے پورے خطے کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کورونا نے دنیا میں معاشی تباہی مچائی۔

انقرہ میں ترکی پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے جبکہ امید ہے ترکی اورپاکستان درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کریں  گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات کو فر وغ دینے کے خواہاں ہیں، ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، ترکی اور پاکستان کے عوامی رابطے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تجارتی تعلقات کو سنجیدگی سے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ترکی میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان ترکی کی کار سازی کی صنعت سے بھی استفادہ چاہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔