مئی میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 13.76 فیصد کا اضافہ

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2022
اپریل کے مقابلہ میں مئی 2022 کے دوران ملک میں مہگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ شماریات۔ فوٹو:فائل

اپریل کے مقابلہ میں مئی 2022 کے دوران ملک میں مہگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ شماریات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  ملک میں گزشتہ ماہ (مئی2022) کے دوران سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 13.76 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ اپریل 2022 کے مقابلہ میں مئی 2022 کے دوران ملک میں مہگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ (سی پی آئی) میں مئی 2022 کے دوران سالانہ بنیادوں 13.8 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، اپریل میں سی پی آئی میں سالانہ بنیادوں پر 13.4 فیصد کا اضافہ ہوا تھا، شہری علاقوں میں مئی 2022 میں سی پی آئی میں سالانہ بنیادوں پر 12.4 فیصد کی نموریکارڈکی گئی، اپریل میں شہری علاقوں میں سی پی آئی میں سالانہ بنیادوں پر12.2 فیصد کی نموہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں شہری سی پی آئی میں ماہانہ بنیادوں پر 0.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں مئی 2022 کے دوران 15.9 فیصد کی نموہوئی ہے، اپریل میں دیہی سی پی آئی میں 15.1 فیصد کا اضافہ ہواتھا، دیہی سی پی آئی میں مئی میں ماہانہ بنیادوں پر0.6 فیصدکااضافہ ہوا۔

پی بی ایس کے مطابق مئی میں صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں سالانہ بنیادوں پر 14.1 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 14.2 فیصد کا اضافہ ہوا، اسی طرح ہول سیل پرائس انڈیکس میں مئی کے دوران 29.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، اپریل میں ہول سیل پرائس انڈیکس میں 28.1 فیصد کی نموریکارڈ کی گئی تھی۔

قومی کنزیومر پرائس انڈیکس میں مئی 2022 کے دوران اپریل کے مقابلہ میں 0.44 فیصد اور گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 13.76 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اپریل کے مقابلہ میں مئی کے مہینہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 37.73 فیصد، سبزیاں 15.26 فیصد، پھل 12.94 فیصد، چینی 2.05 فیصد اورمصالحہ جات کی قیمت میں 1.58 فیصدکی کمی ہوئی ہے، اس کے برعکس پیاز، چکن، انڈے، آٹا، دال چنا ، دال مسور، گوشت، چاول ، دال ماش، گندم، سرسوں کا تیل اور دال مونگ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

مئی میں نان فوڈ آئٹمز میں سے بجلی کی قیمت میں 15.46 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح مئی میں سالانہ بنیادوں پردال مونگ کی قیمت میں 24.03 فیصد، آلو 21.6 فیصد، مصالحہ جات 17.50 فیصد اورچینی کی قیمت میں 13.74 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بجلی کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 11.81 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔