شرجیل میمن کی ترک کمپنیوں کو سندھ میں ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کی دعوت

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2022
شرجیل میمن وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکی کے دورے پر گئے ہیں، فوٹو: ایکسپریس نیوز

شرجیل میمن وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکی کے دورے پر گئے ہیں، فوٹو: ایکسپریس نیوز

 انقرہ: سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے ترکی کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ مسٹر سیلن دورسن سے ملاقات کی اور انھیں پاکستان بالخصوص سندھ میں مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کی دعوت دی۔

سندھ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے ترکی کے دارالحکومت میں انقرہ میں مصروف دن گزارا۔ صوبائی وزیر نے ترکی کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ سے دوبدو ملاقات کی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ترکی کی کامیابیوں کو سراہا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے ترک کمپنیوں کو پاکستان بالخصوص سندھ میں ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ترک سرمایہ کاروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاہدوں اور ضرورت کے مطابق سبسڈی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ترکی کی بسوں اور ماس ٹرانزٹ گاڑیوں کے ڈیزائن اور دیگر تفصیلات سندھ حکومت کو جلد از جلد فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے ترکی کے ماہرین کو اس معاملے پر پیش رفت کے لیے سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔