کراچی میں آگ سے متاثرہ سپر اسٹور کی عمارت مخدوش قرار، 170 فلیٹس خالی کروالیے گئے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 2 جون 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) آگ کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے عمارت کے پلر اور اسٹرکچر بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں

(فوٹو: ٹوئٹر) آگ کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے عمارت کے پلر اور اسٹرکچر بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں

 کراچی: جیل چورنگی کے قریب رہائشی عمارت کے سپر اسٹور میں لگنے والی آگ کے باعث عارضی طور پر مخدوش قرار دی گئی عمارت کے 170 فلیٹوں کو خالی کروالیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اسحاق کھوڑو نے رات گئے جیل چورنگی فلائی اوور کے قریب چیز ڈپارٹمینٹل اسٹور کا دورہ کیا اس موقع پر انھوں نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دیدیا گیا ہے، آگ کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے عمارت کے پلر اور اسٹرکچر بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور اس وقت عمارت رہنے کے قابل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد عمارت کا ازسر نو معائنہ کیا جائیگا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا کہ عمارت کی اصل صورتحال کیا ہے، ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا کہ عمارت کے مختلف حصوں کو توڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کی وجہ سے عمارت کے اہم حصے شدید متاثر ہوگئے ہیں۔

فلیٹس خالی کروالیے گئے

جیل چورنگی پر واقع ڈپارٹمنٹل اسٹور کے تہہ خانے میں قائم غیر قانونی گودام میں آتشزدگی سے پھیلنے والے دھوئیں نے وسیع علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آگ پر 30گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہ پایا جاسکا ہے۔ کشمیر روڈ، بہادر آباد، شرف آباد، خالد بن ولید روڈ، طارق روڈ اور شہید ملت روڈ تک کثیر منزلہ رہائشی و کمرشل عمارتوں اور کاروباری مراکز میں دن بھر دھواں بھرا رہا جس سے مکینوں اور کاروبار کرنیوالوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آتشزدگی کا شکار ہونے والی عمارت کے 170 فلیٹوں کو خالی کروالیا گیا تاہم اردگرد کی قریبی عمارتوں کے مکینوں کیلیے بھی دھوئیں کی وجہ سے اپنے اپارٹمنٹس میں وقت گزارنا مشکل ہوگیا متعدد گھرانے دھوئیں سے بچنے کے لیے اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں منتقل ہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دھوئیں میں مرچ مصالحوں کی دھانس اور خوردنی گھی تیل جلنے کی وجہ سے کثافت نے سانس کے نظام کو متاثر کیا ہے جبکہ آنکھوں میں سوزش کا سامنا ہے۔

عمارت سے نکلنے والے دھوئیں کے بادل دو اسکوائر کلومیٹر تک کے علاقے میں پھیلے رہے جیل چورنگی کے اطراف دھوئیں کی وجہ سے موٹرسائیکلوں، بسوں رکشوں اور نجی گاڑیوں میں گزرنے والے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ حد نگاہ بھی محدود رہی۔

دوسری جانب حسن اسکوائر سے جیل چورنگی کے اطراف ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہے جس کے باعث شہریوں کو دوہری اذیت سے گزرنا پڑرہا ہے۔

گزشتہ روز جیل چورنگی پر واقع 15 منزلہ رہائشی عمارت کے فرسٹ اور گراؤنڈ فلور پر سپر اسٹور میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی؛ جیل چورنگی کے قریب آگ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آگ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں آگ لگی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی جبکہ عملے کی مدد سے لوگوں کو عمارت سے باہر نکالا۔

قبل ازیں ریسکیو حکام نے سپر اسٹور میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا تھا جبکہ 21 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

Fire-Karachi

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔