عمران خان کی تقریر ہیٹ اسپیچ، آئین اور ملک کے خلاف ہے، وزیراطلاعات

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جون 2022
ایٹمی پروگرام چھن جانے کی بات دشمن کرتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

ایٹمی پروگرام چھن جانے کی بات دشمن کرتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: ‎وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ عمران خان کی تقریر ہیٹ اسپیچ، آئین اور ملک کے خلاف ہے لیکن اظہارِ رائے نہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو تقسیم کرنا اور خدانخواستہ ٹکرے ٹکرے کرنے کی بات کرنا دشمن کی زبان ہے، عمران صاحب کے بیانات آئین کے خلاف اور وفاق پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق پر حملے کا اعلان دشمن کرتا ہے، اداروں کی تباہی کی بات دشمن کرتا ہے اور ایٹمی پروگرام چھن جانے کی بات دشمن کرتا ہے، عمران صاحب کی اِس حالت کی تقریر ٹی وی پہ نشر نہیں ہونی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎پاکستان کے ٹکڑے کرنے کا اعلان کرنے والی ہر زبان ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی، ‎عمران صاحب کے ملک کے خلاف بیانات پر قوم کا ردِعمل روکنا ممکن نہیں ہوگا۔ ‎عمران صاحب نہیں ’’فارن فنڈنگ‘‘ بول رہی ہے، سچائی خود سازشی کی اپنی زبان سے ادا ہوگئی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے بیانات آئین، اداروں، افواجِ پاکستان اور سپریم کورٹ پر حملہ ہے، اقتدار نہ رہے تو آئین، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور وفاق پر حملہ یہ ایک بیمار ذہنیت کی عکاسی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔