تاریخ معاف نہیں کریگی کہ ملک تباہ ہوجائے اور ادارے کہیں ہم نیوٹرل ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جون 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

شانگلہ: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہ ہورہا ہے جس پر خاموشی جرم ہے، تاریخ معاف نہیں کرے گی کہ ملک تباہ ہوجائے اور ادارے کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شانگلہ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیسے کے بت کی طرح خوف کے بت کی پوجا بھی شرک ہے کیوں کہ خوف انسان کو غلام بنادیتا ہے، جو قوم خوف کے بت کو نہیں توڑ سکتی وہ غلام بن جاتی ہے، میں اس قوم کی حقیقی آزادی کے لیے تحریک چلارہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم اللہ کو مانتے ہیں، ہم جھکتے ہیں تو صرف اللہ کے سامنے، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، خوف کے بت کو توڑ کر صرف اپنے نظریے پر چلیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، بھارت نے کچھ روز قبل پٹرول کی قیمت کم کی ہے جب کہ موجودہ حکومت نے پٹرول 30 روپے مہنگا کردیا، ہماری حکومت روس سے 30 فیصد کم قیمت پر پٹرول خریدنا چاہتی تھی لیکن امریکی دباؤ پر اس فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم کبھی بھی اسرائیل کو نہیں مان سکتے، امریکا کی غلام حکومت اسے تسلیم کرنا چاہتی ہے، شہباز شریف چیری بلاسم اپنے کپڑے بیچ ہی دیں کیونکہ ہرچیز مہنگی ہے، شریف فیملی کا سارا پیسہ باہر پڑا ہے جو امریکا کی ناراضی مول نہیں لے سکتی، پرسوں تک خیبرپختونخوا میں ہوں، ہماری تحریک اس حکومت کی رخصتی تک جاری رہے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے دیوالیہ ہوسکتا ہے، ملکی اسٹیبلشمنٹ کو پیغام ہے کہ سوویت یونین معاشی بحران کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا، سب جانتے ہیں کہ اختیار فوج کے پاس ہے جو چوروں کے ٹولے کو رخصت کرے، ان حالات میں نیوٹرل نہیں رہا جاسکتا، یہ لوگ اپنے کرپشن کیس ختم کررہے ہیں، یہ نیب اور ایف آئی اے سمیت تمام ادارے تباہ کررہے ہیں، پولیس کا غلط استعمال ہورہا ہے، جو ظلم ہمارے لانگ مارچ میں ہوا ایسا صرف ایم آرڈی تحریک میں ہواتھا، تاریخ معاف نہیں کرے گی کہ ملک پیچھے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ رانا ثنا نے لوگوں پر اسلام آباد میں تشدد کراکے جنرل ڈائر کی یاد تازہ کردی، رانا ثناء اللہ بزدل انسان ہے جس نے عورتوں اوربچوں پر مظالم کیے، عوام کو سلام کہ انہوں نے جبر کا مقابلہ کیا اور غلامی و امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ الیکشن جیت نہیں سکتے اس لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری ہورہی ہے، عوامی مینڈیٹ کے برخلاف جمہوریت کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، من پسند حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں، میڈیا کو دبانے کے لیے صحافیوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت تباہ ہورہا ہے جس پر خاموشی جرم ہے، قوم تیاری کرے 4 جون کو دیرجلسہ میں لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔