منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جون 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

 اسلام آباد: آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے، نااہل قرار دیئے گئے ارکان پارلیمنٹ کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے، آرٹیکل 63 اے سے متعلق سزا کا تعین پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہر رکن پارلیمنٹ کو آزادانہ ووٹ کی اجازت ہونی چاہیے، اسلام کی تعلیمات کے مطابق حق کا ساتھ دینا لازمی ہے، ملک و قوم کی بہتری کے لیے پارٹی پالیسی پر عمل درآمد کرنا ضروری نہیں، موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر پارلیمنٹ کو آزادانہ فیصلے کرنے چاہیئں۔

یہ پڑھیں : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کردی

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔