بھارتی فوجیوں نے پاکستان کی جیت پرجشن منانیوالے کشمیری نوجوان کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 5 مارچ 2014
اس سے قبل پاکستان کی جیت پر جشن منانے والے 130 کشمیری طلبا کو بھارتی یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔   فوٹو؛فائل

اس سے قبل پاکستان کی جیت پر جشن منانے والے 130 کشمیری طلبا کو بھارتی یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ فوٹو؛فائل

سری نگر: قابض بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پر جشن منانے والے کشمیری نوجوان کو ظلم و بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے بڈگام میں ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر جشن منانے والا کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے وحشت کا شکار ہوگیا۔ درندہ صفت بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو پکڑ کر پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں چھری کے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کو فوری طور پر شیرکشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تاہم وہ زخمیوں کی تاب نہ لا کر راستے میں دم توڑ گیا۔

دوسری جانب پولیس نے نوجوان کو ذبح کرنے کے الزام میں 3 فوجیوں سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم نامزد ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا میں خود کو انسانی حقوق کا علمبردار کہنے والے بھارت کی ریاست اترپردیش کی میرٹھ یونیورسٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح کی خوشی میں جشن منانے والے 130 کشمیری طلبا کو یونیورسٹی سے نکال دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔