لاہورمیں غربت کی ستائی ماں نے 2 کمسن بچوں کو قتل کر دیا

ویب ڈیسک  بدھ 5 مارچ 2014
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

لاہور: جوہر ٹاؤن میں غربت سے تنگ آکر ماں نے اپنے 2 معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے ای بلاک میں غربت کی ستائی ماں بسما نے اپنے 8 ماہ کے بیٹے اور 2 سال کی بیٹی کو قتل کر کے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، بسما نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پہلے 2 سالہ مناحل کو پانی میں ڈبو کر قتل کیا اور پھر اپنے 8 ماہ کے بچے محمد یوسف کا گلا دبا کر اسے بھی جان سے مار دیا۔ بسما کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کو 4 سال ہو گئے تھے اور اس کا شوہر کوئی کام کاج نہیں کرتا تھا، وہ نشے کا عادی تھا جس کی وجہ سے گھر میں فاقے رہتے تھے، روز روز کی لڑائی اور فاقوں سے تنگ آ کر یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔

مقتول بچوں کے باپ کا کہنا تھا کہ وہ کوئی کام نہیں کرتا تھا اور گھر کا گزارہ بڑوں کی جانب سے دی جانے والی امداد پر ہو رہا تھا لیکن وہ بھی چند دنوں سے بند تھی جس کی وجہ سے بسما دلبرداشتہ ہو گئی اور بچوں کو جان سے مار دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔