پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر کراچی میں مشتعل نوجوانوں کی ہنگامہ آرائی

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جون 2022
کراچی میں پیٹرول پمپ پر مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی

کراچی میں پیٹرول پمپ پر مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی

 کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور عدم فراہمی پر مشتعل افراد نے متعدد پیٹرول پمپوں دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی،سخی حسن چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے ٹائروں سمیت دیگر اشیا کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کےمختلف علاقوں میں شہریوں کی بڑی تعداد رات بارہ بجے سے قبل پیٹرول کے حصول کے لیے پمپس پر پہنچی تو رش کے باعث انتطامیہ نے  پمپ بند کردیے جس کے باعث شہریوں میں اشتعال پھیل گیا۔

پیٹرول کی عدم دستیابی پراحتجاج کرتے ہوئے مشتعل افراد نے توڑْ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا، اطلاعات کے مطابق سخی حسن چورنگی سرینہ موبائل مارکیٹ کے قریب مشتعل افراد نےپیٹرول پمپ پر پتھراؤ کیا جس سےڈسپینسر یونٹس کونقصان پہنچاجبکہ سڑک پر ٹائروں اور دیگر اشیا کو نذر آتش کر کے پیٹرول کے قیمتوں کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے پندرہ روز میں پیٹرول کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کر کے پیٹرول کی قیمت  تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی ہے، جبکہ شہری قیمتوں کے اطلاق سے قبل پیٹرول کے حصول کیلئے گئےتو پیٹرول پمپ انتظامیہ نے زیادہ منافع کمانے کی لالچ میں پیٹرول کی فراہمی ہی بند کر دی۔

دریں اثنا پیٹرول کی عدم فراہمی اور قیمتوں کے اضافے پر پرانی سبزی منڈی پر قائم پیٹرول پمپ پر بھی مشتعل افراد نے دھاوا بول کر پتھراؤ کر کے نقصان پہنچایا جبکہ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی تاہم احتجاج کی اطلاعات پر پولیس کی جانب سے گشت میں اضافہ کر دیا گیاہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔