فتح جنگ میں لاپتہ لڑکوں کی لاشیں ڈیم سے برآمد
دونوں بچے گزشتہ روز سے لاپتہ تھے، لاشیں لواحقین کے حوالے
ISLAMABAD:
پنجاب کے علاقے فتح جنگ میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے دو لڑکوں کی لاشیں ڈیم سے برآمد ہوئیں ہیں۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق دونوں بچے گزشتہ روز گھر والوں کو بغیر بتائے نہانے کے لئے قریبی ڈیم پر گئے تھے، جس کے بعد اہل خانہ نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی اور پھر ناکامی کے بعد پولیس کو گمشدگی کے حوالے سے مطلع کیا۔
پولیس نے پرچہ درج کر کے لڑکوں کی تلاش شروع کی مگر انہیں بھی ناکامی کا سامنا رہا جس کے بعد ریسکیو اداروں کو فتح جھنگ ڈیم میں دو نوجوانوں کی لاشوں کی اطلاع ملی۔
ریسکیو حکام نے وقوعہ پر پہنچ کر ڈیم میں ڈوبنے والے دو بچوں کی لاشیں نکالیں تو معلوم ہوا کہ دونوں بچوں کا تعلق اٹک فتح جنگ کے گاؤں باہتر سے تھا اور دونوں پڑوسی تھے۔
مرنے والے بچوں کی عمریں 16اور18برس تھیں، جن کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر جسد خاکی اہل خانہ کے حوالے کردیے گئے۔