موٹرسائیکل پرسوار 4 ملزمان نے فائرنگ کر کے پیٹرول پمپ کے گارڈ کوقتل کردیا
مقتول سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 62 سالہ محمد حسین ولد جان کے نام سے کی گئی
کراچی:
نئے ناظم آباد میں واقع پیٹرول پمپ پرتعینات سیکیورٹی گارڈ کو 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اتواراور پیر کی درمیانی شب منگھوپیرتھانے کےعلاقے نئے ناظم آباد میں2 موٹر سائیکل سوار4 ملزمان نے فائرنگ کرکے پیٹرول پمپ پرتعینات سیکیورٹی گارڈ کو شدید زخمی کردیا، زخمی سیکیورٹی گارڈ کو فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی سیکیورٹی گارڈ دوران علاج دم توڑ گیا۔
مقتول سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 62 سالہ محمد حسین ولد جان کے نام سے کی گئی، مقتول کنواری کالونی کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ اومنگھو پیرآغا سعادت نے بتایا کہ رات سوا ایک بجے کے قریب مقتول سیکیورٹی گارڈ پیٹرول پمپ پراپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا کہ ملزمان آئے سیکیورٹی گارڈ پرقریب سے فائرنگ کردی اور پمپ پرلوٹ مار کیے بغیر موقع پر سے فرار ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی سیکیورٹی گارڈ کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول سیکیورٹی گارڈ کے اہلخانہ کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 12 خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر لیے ہیں اورواقعے کی ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مقتول سیکیورٹی گارڈ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔