خوردنی تیل سے لدا جہاز انڈونیشیا سے پاکستان کے لیے روانہ

10 بحری جہاز آئندہ 2 ہفتوں میں ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان لائیں گے


ویب ڈیسک June 14, 2022
پہلے مرحلے میں 30 ہزار میٹرک ٹن خودنی تیل روانہ کیا گیا (فوٹو فائل)

کراچی: برادر اسلامی ملک انڈونیشیا سے 30 ہزار میٹرک ٹن خودنی تیل لے کر پہلا بحری جہاز آج پاکستان کے لیے روانہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ 2 ہفتوں میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، جس کے بعد پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا اور وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کیے۔

وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیائی ہم منصب سے مذاکرات کیے تھے، جس کے نتیجے میں انڈونیشیا سے کل ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جائے گا۔پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا، جس کے بعد 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا۔

انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی اور تنظیم کے رکن رشید جان محمد بھی شامل تھے۔

مقبول خبریں