متحدہ تھر کے متاثرین کی امداد کیلیے اقدامات کرے، الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  جمعـء 7 مارچ 2014
افضا الطاف کی سالگرہ تقریب دعائیہ اجتماع میں تبدیل، قائد متحدہ نے دعا کرائی۔ الطاف حسین

افضا الطاف کی سالگرہ تقریب دعائیہ اجتماع میں تبدیل، قائد متحدہ نے دعا کرائی۔ الطاف حسین

لندن: ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے صحرائے تھرمیں قحط سالی اورخوراک کی قلت سے ہونے والی اموات پردلی صدمے اورسخت تشویش کااظہار کیاہے ۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ تھرمیں ہونے والی خشک سالی اپنی جگہ لیکن حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کی جانب سے تھرکے لوگوں کوغذائی اجناس کی فراہمی کیلیے ناقص منصوبہ بندی،بدانتظامی اورنااہلی کے باعث آج تھرمیں عورتیں اوربچے فاقہ کشی کرنے پرمجبورہیں،بچے بھوک پیاس کی وجہ سے بلک رہے ہیں اورمسلسل فاقہ کشی سے تنگ آکراپنی جانوں سے ہاتھ دھورہے ہیں۔الطا ف حسین نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ ایم کیوایم کی جانب سے تھرکے قحط سالی سے متاثرہ افرادخصوصاًعورتوں اوربچوں کی امداد کیلیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں اوروہاں بچوں کیلیے خشک دودھ، پانی اورغذائی اجناس پہنچائی جائیں۔

الطاف حسین نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ تھرکے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں۔دریں اثناانٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اپنی صاحبزادی افضاالطاف کی 12ویں سالگرہ کی سادہ سی تقریب میں شریک بچوں اوربچیوں سے خصوصی طورپرمخاطب ہوتے ہوئے الطاف حسین نے بچوں کوتلقین کی ہے کہ وہ اپنی تعلیم پرخصوصی توجہ دیں،زندگی میںترقی کیلیے تعلیم کاحصول بنیادی چیزہے،تعلیم ہی ہرفردکوایک اچھا انسان اورمعاشرے میں باعزت مقام دلاتی ہے۔انھوں نے بچوں اوربچیوں کوتلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم پربھرپورتوجہ دیں۔دریں اثناء ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی صاحبزادی افضا الطاف کی 12ویں سالگرہ کی تقریب انتہائی سادگی سے منعقدہوئی جسے دعائیہ تقریب میں تبدیل کردیاگیا۔

تقریب میں ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین ، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت، دیگراراکین رابطہ کمیٹی، پاکستان سے آئے ہوئے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی شیخ صلاح الدین، عدنان احمد، سیف الدین خالد، انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان، ان کے اہل خانہ اوربچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں گزشتہ چنددنوں کے دوران ایم کیوایم کے کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے شہادت کے واقعات اور دارالحکومت اسلام آبادمیں ایف ایٹ کچہری میں دہشت گرد ی کے واقعے میں جج اوروکلا سمیت متعددافرادکی شہادت کے سانحے پر میں نے کارکنوں کویہی ہدایت کی تھی کہ وہ میری بیٹی افضاکی سالگرہ کوشہیدوں کے ایصال ثواب، پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اورملک کی ترقی وخوشحالی کیلیے دعائیہ اجتماعات میں بدل دیں، ہم نے لندن میں بھی سالگرہ کی تقریب کودعائیہ اجتماع میں بدل دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔