انتہا پسندی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  ہفتہ 8 مارچ 2014
مذہب کے نام پرقتل وغارت کرنے والے پاکستان اوراس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں، قائد متحدہ۔ فوٹو: فائل

مذہب کے نام پرقتل وغارت کرنے والے پاکستان اوراس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں، قائد متحدہ۔ فوٹو: فائل

لندن: ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ مذہبی انتہاپسندی اورفرقہ واریت، پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی سازش ہے اورجو عناصر مذہب کے نام پرقتل وغارت کررہے ہیں وہ پاکستان اور اس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں۔

پنجاب ہاؤس لاہور میں ایم کیوایم کے ذمے داروں اورکارکنوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستی کی جدوجہدبہت دشواراورکٹھن ہوتی ہے،اس راہ پرچلنے والوںکومصائب ومشکلات کاسامنا کرناپڑتا ہے،جولوگ اپنے مشن ومقصدکی تکمیل کیلیے ثابت قدمی سے حالات کے جبرکاسامنا کرتے ہیں،کامیابی ان کامقدر بن جایاکرتی ہے لہٰذاایم کیوایم کے کارکنان بھی اپنی جدوجہدکی راہ میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ سے ہرگزمایوس نہ ہوں اورثابت قدمی سے اپنی جدوجہدجاری رکھیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ دین اسلام کے فروغ اورانسانیت کی خدمت میں بزرگان دین ،اولیائے کرام اورصوفیائے کرام نے گرانقدرخدمات انجام دی ہیں اوران بزرگ ہستیوں کی انہی خدمات کواجاگر کرنے کیلیے ایم کیوایم کے تحت9،مارچ کو وحدت کالونی لاہورمیں صوفیائے کرام کانفرنس کاانعقاد کیاجارہاہے۔الطاف حسین نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ، مشائخ عظام ، ذاکرین ، سیاسی ومذہبی رہنماؤں ، دانشوروں، صحافیوں ، انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں ،طلبا وطالبات اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے پرزوراپیل کی کہ وہ صوفیائے کرام کانفرنس میں بھرپورشرکت کرکے پوری دنیا پر واضح کردیں کہ پاکستان کے عوام مذہبی رواداری،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوراحترام انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔