آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش، دریائے جہلم میں طغیانی، فلڈ الرٹ جاری

ویب ڈیسک  بدھ 22 جون 2022
سیلابی ریلا پلندری سے ہوتا ہوا کہوٹہ پہنچے گا،، ترجمان کمشنر راولپنڈی (فوٹو فائل)

سیلابی ریلا پلندری سے ہوتا ہوا کہوٹہ پہنچے گا،، ترجمان کمشنر راولپنڈی (فوٹو فائل)

 راولپنڈی: آزاد جموں و کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے جہلم میں طغیانی آگئی، جس کے بعد سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان کمشنر راولپنڈی کے مطابق سیلابی ریلا پلندری سے ہوتا ہوا کہوٹہ پہنچے گا، جس کی وجہ سے کہوٹہ سے آزاد کشمیر کی جانب جانے والے تینوں راستے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیے گئے ہیں اور کسی کو بھی آزاد کشمیر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

دریں اثنا راولپنڈی ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام  متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کی مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور صورت حال کے مطابق ممکنہ ہنگامی حالات پر فوری قابو پانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری، بابوسر شاہراہ ٹریفک کیلئے بند

دوسری جانب ترجمان واپڈا کی جانب سے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی صورت حال کے اعداد شمار جاری کردیے گئے ہیں، جس کے مطابق تربیلا میں پانی کی آمد  88  ہزار 500 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ  1 ہزار 900 کیوسک ہے  جب کہ منگلا میں پانی کی آمد 31 ہزار کیوسک اور اخراج  29 ہزار 200 کیوسک ہے۔

چشمہ میں پانی کی آمد1 لاکھ 60  ہزار900کیوسک اور اخراج 1 لاکھ  49 ہزار کیوسک اور ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 27 ہزار کیوسک اور اخراج  17 ہزار 200 کیوسک ہے ۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 27 ہزار800 کیوسک اور اخراج 27 ہزار800 کیوسک ہے ۔

ترجمان واپڈا کے مطابق منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 37 ہزارایکڑ فٹ ہے، چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 27 ہزار ایکٹر فٹ ہے جب کہ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 1 لاکھ 64 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔