چیئرمین نے ملاقات میں بابر اعظم کا حوصلہ بڑھادیا

عباس رضا  بدھ 22 جون 2022
کپتان کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کردی،اسکواڈ پربات۔ فوٹو: فائل

کپتان کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کردی،اسکواڈ پربات۔ فوٹو: فائل

لاہور: رمیز راجہ نے ملاقات میں بابر اعظم کا حوصلہ بڑھادیا، چیئرمین پی سی بی نے کپتان کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

پیر کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سالانہ جنرل باڈی میٹنگ سے قبل رمیز راجہ اور بابر اعظم کی ملاقات ہوئی جس میں قومی ٹیم کے معاملات زیر غور آئے، ذرائع کے مطابق میٹنگ میں دورئہ سری لنکا کیلیے اسکواڈ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی،چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے بھجوائی جانے والی فہرست میں موجود چند ناموں پر مشاورت کی گئی، شان مسعود اور یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کا معاملہ زیر غور آیا۔

چیئرمین پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ملتان میں سیریز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کپتان کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کردی، اس موقع پر مڈل آرڈر سمیت قومی ٹیم کے مسائل اور ان کے حل پر بھی بات ہوئی،سری لنکا میں 2 ٹیسٹ میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

یاد رہے کہ شان مسعود آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تھے لیکن اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق کی کارکردگی میں تسلسل کی وجہ سے ان کو کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا،3 اسپنرز نعمان علی،ساجد خان اور زاہد محمود کو منتخب کیا گیا تھا، یاسر شاہ کو پہلے ریزروز میں رکھا گیا مگر بعد ازاں ان کو پاکستان ون ڈے کپ میں شرکت کی ہدایت کردی گئی تھی،زاہد محمود بھی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔

لاہور میں گزشتہ دنوں لگائے جانے والے ہائی پرفارمنس کنڈیشننگ کیمپ میں یاسر شاہ اچھی فارم میں نظر آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔