خلع کا کیس کرنے پر وکیل نے بیوی سمیت سسرالیوں پر فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی

ویب ڈیسک  بدھ 22 جون 2022
فائرنگ کا واقعہ خلع کے مقدمے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس (فوٹو فائل)

فائرنگ کا واقعہ خلع کے مقدمے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں داماد وکیل نے خلع کا کیس کرنے پر اہلیہ  اور سسرالیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک 14 میں گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔  اہل علاقہ کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔  ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ خلع کے مقدمہ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق 40 سالہ منصور ایڈدوکیٹ نے خلع کے معاملے پر اپنی اہلیہ اور سسرال والوں پر فائرنگ کی اور بعد میں خودکو بھی گولی مار لی۔فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کی اہلیہ 22 سالہ شاہزین، ساس 55 سالہ افشاں، 50 سالہ پھوپھو ساس، سسر 65 سالہ سہیل احمد زخمی ہوئے۔

منصور ایڈووکیٹ کی اہلیہ نے تشدد سے تنگ آکر خلع کا مقدمہ دائر کیا ہوا تھا، جسے واپس لینے کے لیے ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ سسرال والوں کی جانب سے ملزم کے خلاف ٹیلی گرافک ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ مقدمات واپس لینے کے اصرار اور سسرال والوں کے انکار پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد زخمی ملزم منصور ایڈووکیٹ کا بھائی اسے نجی اسپتال لے کر گیا، جہاں سر اور پیٹ میں گولیاں لگنے کے باعث اس کی حالت تشویش ناک تھی، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔