کویت کے ولی عہد نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

ویب ڈیسک  بدھ 22 جون 2022
دو ماہ قبل کابینہ نے پارلیمنٹ سے اختلاف پر استعفیٰ دیدیا تھا، فوٹو: فائل

دو ماہ قبل کابینہ نے پارلیمنٹ سے اختلاف پر استعفیٰ دیدیا تھا، فوٹو: فائل

کویت سٹی: کویت کے ولی عہد شیخ الاحمد الجابر الصباح نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرکے جلد الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کے 81 سالہ ولی عہد شیخ الاحمد الجابر الصباح نے ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا۔

ولی عہد نے کہا کہ شاہی خاندان پارلیمانی روایات کا احترام کرتا ہے تاہم ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے یہ قدم ناگزیر تھا۔

کویت کے ولی عہد نے ملک میں فوری الیکشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کویتی کابینہ نے دو ماہ قبل پارلیمنٹ سے اختلافات کے باعث استعفیٰ دیدیا تھا اور ملک میں نئے انتخابات کے لیے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر مہم بھی چلائی تھی۔

کویت میں 50 رکنی پارلیمنٹ کا بنیادی کام قوانین کی منظوری، منسوخی، وزرا سے پوچھ گچھ ہے اور عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنا ہے تاہم حتمی فیصلہ امیرِ کویت کا ہی ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔