مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 7 زخمی حالت میں گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جون 2022
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا (فوٹو فائل)

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا جب کہ 7 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق احسن آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، اس دوران جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈکیت مارا گیا جس کی شناخت 30 سالہ اعجاز کے نام سے کی گئی۔ جس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول ، گولیاں اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں جبکہ دوسرا ڈکیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب ڈیفنس اور عزیز بھٹی تھانوں کی حدود میں مبینہ مقابلوں کے بعد 6 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ ، موٹرسائیکلیں ، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس پولیس نے فیز سیون ایکسٹینشن قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جنہیں ایمبولینس کے ذریعے پولیس کی نگرانی میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت 18 سالہ طلحہٰ ولد راشد علی ، 24 سالہ شہریار ولد نعیم ، 25 سالہ صلاح الدین ولد حاجی محمد اور 25 سالہ شعیب عرف شیبی کے ناموں سے کی گئی ۔ ملزمان سے 2 ریوالور ، 2 پستول ، 2 چھینی گئی موٹرسائیکلیں ، 3 موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی ۔  گرفتار ڈاکو موٹرسائیکل چھیننے،  چوری ، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔

علاوہ ازیں عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیا بخش پاڑہ سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ملزمان کی شناخت 27 سالہ عبدالمجید ولد علی محمد اور 21 سالہ ونود ولد کمو کے نام سے کی گئی ۔  ملزمان سے 2 نائن ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فونز، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔  ملزمان اسٹریٹ کرائم ، منشیات فروشی ، چوری ، ڈکیتی سمیت جرائم کی دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

دریں اثنا گزری کے علاقے خیابان عباسی ڈیفنس فیز 7 میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈکیت دلاور حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ۔گرفتار ڈکیت اس سے قبل بھی تھانہ ڈاکس میں غیر قانونی اسلحہ ، قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور حال ہی میں 5 سال جیل کاٹ کر آیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔