صدر مملکت پی ٹی آئی قانون توڑ سیکٹر کے انچارج بنے ہوئے ہیں، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جون 2022
صدر کا ریموٹ بنی گالا میں عمران خان کے پاس ہے، صوبائی وزیر (فوٹو فائل)

صدر کا ریموٹ بنی گالا میں عمران خان کے پاس ہے، صوبائی وزیر (فوٹو فائل)

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر مملکت اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے سیکٹر انچارج بنے ہوئے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صدر مملکت وقت ضائع کرنے کے بعد حکومت کی سمریاں مسترد کردیتے ہیں ۔ صدر کا ریموٹ دراصل عمران خان کے پاس ہے، جو بنی گالا میں موجود ہیں۔  وہ جب چاہیں انہیں آن یا آف کردیتے ہیں۔

صحافی کے سوال پر وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ صدر مملکت اس وقت پی ٹی آئی کے قانون توڑ سیکٹر کے انچارج بنے ہوئے ہیں۔  اس سے پہلے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر بھی اسی سیکٹر میں تھے اور ان سب سے بڑے عمران خان ہیں، جو آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔  سوشل میڈیا پر لوگوں کو لتاڑ رہے ہیں۔  اس رویے پر عوام کو تحفظات ہیں، عمران خان ایسی بدمعاشی زیادہ دیر نہیں کر سکیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہوئے۔ عمران خان حکومت نے اسمبلی میں کوئی قانون سازی نہیں کی۔ پی ٹی آئی حکومت زیادہ تر قوانین آرڈیننس کے ذریعے لے کر آئی۔ عمران خان نے کل بھی تقریر میں اداروں کو نشانہ بنایا۔

کراچی میں بس سروس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس تقریباً تیار ہےاور  اس کی آزمائش بھی چند روز میں مکمل ہونے کے قریب ہے۔ اورنج لائن بس بھی ٹریک پر چلنا شروع ہو گئی ہے، جس کی ابھی آزمائشی ڈرائیو ہو رہی ہے، تاہم اب مزید کوئی تاخیر نظر نہیں آ رہی۔ پراسس مکمل ہوتے ہی بس سروس شروع ہو جائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت حکومت کے کچھ کمپنیوں سے معاہدے چل رہے ہیں، ایک دو روز میں عوام کو خوش خبریاں ملنا شروع ہو جائیں گی۔ ہم عنقریب بیرون ملک سے سرمایہ کاری پاکستان میں لانے والے ہیں۔ بسوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹس کراچی سمیت سندھ میں لگنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے ہم بیرونی سرمایہ ملک میں لے کر آئیں، تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔