بھارت میں شادی کی تقریب میں دلہا کی ہوائی فائرنگ سے دوست ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جون 2022
دلہے کا دوست بابو لال یادیو آرمی کا اہلکار تھا۔ فوٹو : فائل

دلہے کا دوست بابو لال یادیو آرمی کا اہلکار تھا۔ فوٹو : فائل

اترپردیش: بھارتی ریاست اتر پردیش میں شادی کی تقریب کے دوران دلہے کی ہوائی فائرنگ سے اسکا دوست ہلاک ہوگیا، جسے کیمرے نے ریکارڈ کر لیا۔

فائرنگ کا واقعہ ضلع سون بھدرا کے علاقے برہمن نگر میں پیش آیا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی تقریب کے دوران منیش مدھیشیا نامی دلہا اسٹیج پر کھڑا ہوکر جشن میں ہوائی فائرنگ کرتا ہے لیکن پستول سے نکلنے والی گولی اسکے دوست کو لگ جاتی ہے۔

دلہے کا دوست بابو لال یادیو آرمی کا اہلکار تھا جبکہ پستول بھی یادیو کی تھی۔

ایس پی سون بھدرا نے تصدیق کی ہے کہ دلہا اور ہلاک ہونے والا شخص آپس میں دوست تھے، گولی لگنے کے فوری بعد یادیو کو اسپتال منتقل کیا گیا جو دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس افسر کے مطابق متاثرہ فیملی نے ایف آئی آر درج کروا دی ہے اور دلہے کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی پستول بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔