کامن ویلتھ گیمز کے لیے پندرہ قومی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 جون 2022
پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈوپ ٹیسٹ کا خرچ برداشت کرے گا

پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈوپ ٹیسٹ کا خرچ برداشت کرے گا

 لاہور: کامن ویلتھ گیمز کے لیے پندرہ قومی  کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیاگیاہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ دس ڈوپ ٹیسٹ کا خرچ برداشت کرے گا، پانچ اتھلیٹس کے ڈوپنگ اخراجات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنے ذمہ لینے کا عندیہ دیاہے۔

ذرائع کےمطابق  پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جوڈو، ویٹ لیفٹنگ،اتھلیٹکس اور ریسلرز جبکہ پی او اے نے  ہاکی  اور باکسنگ کے دو دو جبکہ ایک اسکواش کھلاڑی کا بھی ڈوپ ٹیسٹ لینے کے لیے اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان کو  خط لکھاہے۔

اینٹی  ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان  کے سربراہ  ڈاکٹر وقار احمد نے کامن ویلتھ گیمز دستے کے ارکان کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ گیمز کو ڈوپ فری بنانے کے نظریے کے تحت پاکستانی اتھیلٹس کے بھی ڈوپ ٹیسٹ لینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی معاونت سے کوشش کی جائے گی کہ جلد سے جلد اتھلیٹس کے ڈوپ سمپل جمع کرکے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوا دیئے جائیں، تاکہ برطانیہ روانگی سےپہلے ٹیسٹنگ رپورٹس مل سکیں۔

ڈاکٹر وقار احمد کے مطابق اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے نقصانات سے آگاہی کے لیے مختلف سیمینارز باقاعدگی سے کروائے جاتےہیں، کوشش ہےکہ پاکستان  میں اینٹی ڈوپنگ کلچر کو فروغ دےکر صاف اور شفاف کھیلوں کو یقنی بنایاجاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔