علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 26 جون 2022
27جون تا 3 جولائی 2022

27جون تا 3 جولائی 2022

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
پیر اور منگل چاند آپ کے تیسرے خانے میں چمکے گا یہ وقت ممکنہ طور پر سفر، نئے معاہدے یا کوئی پرانے حساب کتاب کے حل کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔ 29 کو نیا چاند آپ کی تعلیم اور بنیادی منصوبہ بندی کے امور کو ایک نئی راہ دکھلا سکتا ہے، اس کے بعد یہاں چاند آپ کے جذبات میں کچھ تندی اور تیزی لاسکتا ہے، تین جولائی ممکن ہے آپ کی جاب یا کیریئر سے متعلق کوئی بہتر فیصلہ لے سکیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
پیر اور منگل آمدن میں ایک خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے، ذاتی استعمال کی چیزیں، کپڑے، موبائل یا گاڑی لینا چاہیں تو وقت آپ کے لیے مددگار ہوسکتا ہے ، 29 جولائی کا نیا چاند یقیناً آن لائن بزنس کی کوئی راہ ہم وار کرسکتا ہے۔ اس بارے کسی اہم شخصیت سے رابطہ ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے کے آخری دو ایام میں بیرون ملک یا کسی بین الاقوامی ادارے سے جاب کی آفر آسکتی ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
پیر اور منگل چاند محبت، طالع اور تعلق کے سیاروں سے رابطے بنارہا ہے۔ ایسے وقت میں منگنی، شادی یا کوئی سنجیدہ تعلق استوار ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے میں 29 جولائی کو نیا چاند آپ کے آمدن کے خانے میں طلوع ہورہا ہے۔ یہ وقت آمدن میں بہتری لاسکتا ہے۔ 2 اور 3 جولائی یعنی ہفتہ اور اتوار چاند بیرون ملک کے سیارے سے نظر بنائے گا، امیگریشن جیسے امور میں مثبت پیش رفت ہوسکتی ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
پیر منگل کو چاند عطارد اور زہرہ جیسے سیارے برج جوزا میں باہم مل رہے ہیں۔ ایسا وقت بیرون ملک یا آن لائن کام کی راہیں کھول سکتا ہے۔ آپ کے کیریئر میں ایک واضح تبدیلی کا امکان موجود ہے۔ 29 جون ایک اور بہتر دن ہوسکتا ہے، جو آمدن کے لیے بہت اچھا ہوسکتا ہے، آپ کی ذاتی شخصیت میں بھی ایک رعب اور اعتماد پیدا ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ ستارہ شمس بظاہر کچھ کمزور مقام پر ہے جہاں آپ خود کو جذبات اور تنہائی کی کیفیت میں محسوس کرسکتے ہیں، اگر آپ مراقبہ جیسی کسی مشق میں ہیں تو یہ وقت معاون ہوسکتا ہے، پیر اور منگل ایک اچھا دن ہے، آپ کی کیفیات میں ایک اچھال 29 جولائی کو آسکتا ہے ، مایوسی اور ڈپریشن سے دور رہیں2اور3 جولائی بیرون ملک سے اچھی خبر لاسکتے ہیں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
26/27 جون کی یہ تاریخیں آپ کی امید بر لاسکتی ہیں، کوئی قرض حسنہ جیسے رقم مل سکتی ہے، دو یا اس سے زیادہ جگہوں سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے، آپ کی عزت میں اضافہ ہوگا، ان جان لوگوں سے زیادہ فائدہ ہوگا، خصوصاً 29 جون بہت اہم دن ہوسکتا ہے، کوئی اجنبی اچھا دوست بن سکتا ہے، مالی فائدہ ہوگا 2/3 جولائی اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
پیر اور منگل لمبے سفر، بیرون ملک اور بزرگوں سے فائدہ ہوسکتا ہے، کوئی اجنبی اس سلسلے میں معاون ہوسکتا ہے، ممکن ہے کوئی پرانا ساتھی ہو جو ایک عرصے سے قطع تعلق یا منظر سے غائب رہا ہو، آپ کی جاب یا کیریئر میں بڑی یا چھوٹی تبدیلی آسکتی ہے، ایسا 29 جون کو ممکن ہے، 2_3جولائی کو تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہوسکتی ہے نئے دوست بن سکتے ہیں کچھ کے ساتھ ان بن بھی ہوسکتی ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
کیتو اور زحل کے درمیان بننے والی تربیع مزاج اور جذبات میں بے چینی اور مایوسی لاسکتے ہیں، پیر اور منگل اس سلسلے میں اہم ایام ہوسکتے ہیں۔ اسی وقت میں مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے، وراثتی کوئی الجھا ہوا معاملہ سلجھنے کی سمت جاسکتا ہے۔ 29 جون کا چاند آپ کو زیارات کے لیے جذباتی کرسکتا ہے۔ کوئی بہت روحانی خواب بھی آسکتا ہے، سفر بھی ہوسکتا ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
کیتو زحل سے تربیع میں ہے جاب کو نقصان ہوسکتا ہے، جاب میں تبدیلی ہوسکتی ہے، کسی قریبی عزیز کو کوئی پریشانی اٹھانی پڑ سکتی ہے، سفر کو ملتوی کردیں تو بہتر ہوگا یا صدقہ دے کے جائیں۔ پیر اور منگل ازدواجی سُکھ ملتا نظر آتا ہے، شادی یا منگنی کے لیے راستہ ہموار ہوسکتا ہے۔ 29 جون کا نیا چاند وراثتی فائدہ دلاسکتا ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
پیر اور منگل بزنس یا جاب میں کوئی اُچھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے، نئے احکام جاری ہوسکتے ہیں، کوئی نیا معاہدہ سامنے آسکتا ہے 29 جون کو طلوع ہونے والا نیا چاند تعلقات میں خرابی لاسکتا ہے، مارکیٹنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ 2_3 جولائی کی تاریخوں میں شریکِ حیات کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
آپ کا سیارہ یورنیس راہو اور زحل کے محور میں الجھنے جارہا ہے، اس وقت کسی بھی قسم کی نئی منصوبہ بندی سے گریز کریں تو بہتر ہے امورِ زندگی کو سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔ بہتر ہے عملی طور پر کم سے کم متحرک ہوں، بزنس کے لیے پیر اور منگل بہتر دن ہوں گے، 29 جون کو بزنس کے حوالے سے نئے اقدامات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
نیا مکان یا نئی سواری کا حصول ممکن ہوسکتا ہے یا تزئین و آرائش کی جانب توجہ ہوسکتی ہے، 29 کا نیا چاند آپ کے پانچویں خانے میں طلوع ہورہا ہے۔ یہ مقام اولاد سے متعلق کوئی خوش خبری لاسکتا ہے، اولاد کی خوشی مل سکتی ہے، آپ کی تخلیقی صلاحیتیں بہتر ہوسکتی ہیں۔ آمدن میں بہتری کا امکان موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔