کراچی میں یکم جولائی سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 23 جون 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں یکم جولائی کی شام سے مون سون بارشوں کےباقاعدہ آغاز کی پیش گوئی کردی۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 30 جون سے مون سون ہوائیں تھرپارکر کے راستے داخل ہوں گی،جس کے نتیجے میں یکم جولائی کی شام سے شہر میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

ان کے مطابق پہلااسپیل 3 تا 4 روز پر محیط ہوسکتا ہے۔رواں برس مون سون کےدوران معمول سے 30 فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم کو سمندر سے ملنے والی نمی کے سبب بارش کی شدت بڑھ جاتی ہے۔اس تناظر میں جولائی تا اگست مون سون کی معمول سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔مون سون بارشوں کا دورانیہ یکم جولائی تا 30 ستمبر تک 3 ماہ پر محیط ہوتا ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے۔دوروز کے دوران صبح کے وقت بلوچستان کی ریگستانی جبکہ شام کو سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں۔

ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق عمرکوٹ،تھرپارکر سانگھڑ اور میرپورخاص میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔

24 جون سے وسطی اور بالائی سندھ میں گرم/ انتہائی گرم موسم واپس آنے کا امکان ہے۔اس دوران دادو،جیکب آباد،لاڑکانہ،قمبرشہداد کوٹ اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

جمعرات کو دوسرے روز بھی دن کے وقت بلوچستان کی شمال مغربی گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے سبب موسم گرم رہا اور شدید حبس محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.8ڈگری جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 53 فیصد رہا۔گرمی کا احساس(فیل لائیک )اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ محسوس ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔