بلدیاتی انتخابات؛ فاروق ستار کا آزاد پاکستان پینل کے نام سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 جون 2022
فاروق ستار نے آزاد پاکستان پینل کے سربراہ کی حیثیت سے یہ درخواست جمع کروائی ہے۔ فوٹو : فائل

فاروق ستار نے آزاد پاکستان پینل کے سربراہ کی حیثیت سے یہ درخواست جمع کروائی ہے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی انتخابات میں آزاد پاکستان پینل کے نام سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن سے ایک جیسے انتخابی نشان کے لیے درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کو لکھی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہم نے آزاد پاکستان پینل کے نام سے آزاد امیدواروں پر مشتمل نمائندوں کا گروپ تشکیل دیا ہے، ہماری درخواست ہے کہ ہمارے آزاد امیدواروں کو تالہ، لیپ ٹاپ یا دیوار میں سے کوئی ایک انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔

فاروق ستار نے آزاد پاکستان پینل کے سربراہ کی حیثیت سے یہ درخواست جمع کروائی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد پاکستان پینل الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار ایک انتخابی نشان پر آزاد امیدواروں پر مشتمل پینل کے ذریعے کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کو مشورہ دیا گیا ہے یہی درخواست تمام ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو جمع کرائی جائے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے لیٹر ہیڈ پر یہ درخواست جمع کروائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔