یونان کا سرکاری ٹی وی پیٹرول چوری کا طریقہ بتانے پر تنقید کی زد میں آگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جون 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

ایتھنز: یونان کا سرکاری نشریاتی ادارہ پیٹرول چوری کرنے کا طریقہ بتانے پر عوام کی تنقید کی زد میں آگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

ایسے حالات میں سرکاری نشریاتی ادارے پر پائپ کے ذریعے گاڑی سے پیٹرول چوری کرنے کا بتانے کی ویڈیو نشر کردی گئی۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 22 جون کو نشر ہونے والے پروگرام میں رپورٹ نے بتایا کہ یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں، درحقیقت آپ کو تو کسی خصوصی ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، ایک عام پائپ سے بھی گاڑی سے پیٹرول نکالا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاڑی سے پیٹرول کو نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک مکینک نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن کو ‘چرایا’ جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو اب تک دو لاکھ کے قریب صارفین دیکھ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت521.57 روپے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔