چوہدری شجاعت نے اپنے بھائی وجاہت حسین کی تقریر کو بیہودہ قرار دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جون 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بھائی وجاہت حسین کی جانب سے نئی جماعت بنانے کے اعلان پر کہا ہے کہ  پاکستان میں پہلے بھی سیکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔

چودھری شجاعت حسین نے اپنے بھائی وجاہت حسین کی تقریر پر ردعمل دیتے ان کے بیان کو بے ہودہ قرار دے دیا۔ شجاعت حسین نے کہا کہ میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں، قومی سطح کے ایک بڑے لیڈر آصف زرداری کے متعلق الزام تراشی کی ہے اور میرے بیٹوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ڈالر مانگے۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی، میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے انہیں تلقین کی ہوئی ہے کہ ہمیشہ سچ بولنا ہے اور وعدے کا پاس رکھنا ہے، میرے کہنے پر ہی اپوزیشن کے متفقہ امیدوار وزیراعظم شہباز شریف کو ووٹ ڈالا  گیا، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔

یہ پڑھیں : ق لیگ میں پھوٹ، چوہدری شجاعت کے بھائی کا نئی جماعت بنانے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ چودھری وجاہت حسین نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ نئی جماعت بنائیں گے، پاکستان میں پہلے بھی سیکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ چودھری وجاہت نے طارق بشیر چیمہ کے متعلق جو بیان دیا ہے وہ غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے،  چودھری وجاہت نےالزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے، میں وجاہت حسین کی باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا، چودھری وجاہت حسین کو بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔