پی آئی اے نے لاہور سے بھی ملائیشیا کیلیے پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2022
پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے۔ فوٹو : فائل

پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد کے بعد اب لاہور سے بھی ملائیشیا کے لیے پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا۔

کورونا کی پابندیوں کے بعد پہلی پرواز آج صبح لاہور سے کوالالمپور کے لیے روانہ ہوئی، ایک سادہ سی تقریب میں لاہور ایئرپورٹ پر کیک کاٹا گیا اور مسافروں کو پھول پیش کیے گئے۔

پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے، وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر قومی ایئر لائن اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے موقع پر سیاحتی مقامات کی پروازوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، لاہور سے اب براہ راست اندرون ملک و بیرون ملک سیاحتی مقامات تک رسائی فراہم کی جارہی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور سے گلگت اور اسکردو کی پروازیں بھی آپریٹ کی جا رہی ہے جبکہ اب باکو اور کوالالمپور کی پروازیں بھی لگا دی گئی ہیں، ان پرواز کا مقصد لوگوں کو اپنی قومی ایئرلائن کے ذریعے براہ راست اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔