سوات پی کے 7 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کامیاب

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 جون 2022
( فوٹو فائل)

( فوٹو فائل)

 پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 7 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل مولا نے میدان مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 7 سوات کے ضمنی انتخاب میں صبح 8 سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے 124 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کا عمل جاری رہا۔

پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد الیکشن قوانین کے تحت ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کُل 124 پولنگ اسٹیشنز میں پی ٹی آئی کے امیدوار فضل اللہ 17 ہزار 395 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ اپوزیشن کے حمایت یافتہ امیدوار حسین احمد 14 ہزار 604 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بذریعہ آر ایم ایس الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔

پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں نتیجہ آنے پر کارکنان نے مراد سعید کے ڈیرے پر جشن منایا اور نعرے بازی کے ساتھ مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 7 کی یہ نشست اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ترجمان الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخاب میں 1 لاکھ 88 ہزار میں سے 33 ہزار 873 ووٹ ڈالے گئے، جس کا ٹرن آؤٹ 17 فیصد بنتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈالے گئے ووٹوں میں 27 ہزار 533 مردوں اور 6 ہزار 20 ووٹ خواتین کے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔