حکومتی پابندیوں کی وجہ سے گندم کی قلت کا خدشہ ہے، فلور ملز

ویب ڈیسک  پير 27 جون 2022
نجی سیکٹر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، اعلامیہ (فوٹو فائل)

نجی سیکٹر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، اعلامیہ (فوٹو فائل)

 لاہور: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومتی پابندیوں کے سبب گندم کی قلت کا خدشہ ہے، ملک بھر میں نجی گندم کی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہ لگائی جائے۔

صوبائی دارالحکومت میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا آل پاکستان اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے عہدے داروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر میں گندم اجرا کے سرکاری نرخ یکساں  ہونے چاہییں۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجی سیکٹر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، حکومت پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرے، حکومتی پابندیوں کی وجہ سے کم پیداواری صوبوں میں گندم کی قلت بڑھ رہی ہے، ملک بھر میں نجی گندم کی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہ لگائی جائے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گندم کی قلت کا خدشہ ہے، حکومت مؤثر امپورٹ پالیسی بنائے۔ دریں اثنا پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹا کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کی ناقص منصوبہ بندی قرار دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔