مجھ پرغلط کیسزبنوائے جا رہے ہیں، ماڈل صوفیہ مرزا کا سابق شوہر پر الزام

ویب ڈیسک  بدھ 29 جون 2022
اداکارہ نے مریم نواز اور وزیرِاعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ انہیں ان کی بیٹیاں واپس دلائیں(فائل فوٹو)

اداکارہ نے مریم نواز اور وزیرِاعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ انہیں ان کی بیٹیاں واپس دلائیں(فائل فوٹو)

لاہور: اداکارہ  و ماڈل صوفیہ مرزا نے سابق شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ عمر فاروق ظہور دبئی میں بیٹھ کرمجھ پرغلط کیسزبنوا رہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی اداکارہ و ماڈل صوفیا مرز ا نے سابق شوہر پر دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سابق شوہر  میری بیٹیوں کو صدف ناز کی بیٹیاں ظاہر کرکے دبئی لے گیا،  میں ہرجگہ درخواستیں دیتی پھر رہی ہوں کہ بیٹیاں واپس دلائی جائیں۔

انہوں نے مریم نواز اور وزیرِاعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ انہیں ان کی بیٹیاں واپس دلائیں جائیں انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے اپنی بیٹیوں سے نہیں مل سکی ہیں، بیٹیوں سے جدائی بہت تکلیف دہ معاملہ ہے۔

ماڈل و اداکارہ نے سابق شوہر پر مزید الزامات عائد کیے کہ میری شہرت کو نقصان پہنچایاگیا،گھٹیا الزامات لگائےگئے، مجھے دھمکیاں بھی مل رہی ہیں۔

یا درہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستانی اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا (خوش بخت مرزا) کا اپنے بہترین دوست اور سابق مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے گٹھ جوڑ سے سابق شوہر عمر فاروق کے خلاف انتقامی مہم چلانے کا  بھانڈا پھوٹا تھا۔

دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد نارویجیئن شہری عمر فاروق ظہور کے خلاف مہم کا بھانڈا عدالتی دستاویزات نے پھوڑا،  جب تین ممالک کی عدالتوں نے عمر فاروق ظہور پر لگائےگئے الزامات ثابت نہ ہونے پر کیسز خارج کردیے صوفیہ مرزا کی طرف سے عمر فاروق ظہور پر مبینہ فراڈ اور 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات بھی  لگائے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔