کراچی میں آئندہ ہفتے موسلادھار بارش کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جون 2022
—فوٹو

—فوٹو

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 3 سے 5 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کردیا، تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مون سون ہوائیں تھرپارکر کے راستے سندھ میں داخل ہونا شروع ہوگئیں، کراچی سمیت دیہی سندھ میں 2 جولائی سے بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 جولائی کی رات سے ہوائیں چلنا شروع ہوجائیں گی جب کہ 3 جولائی تا 5 جولائی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں یا آندھی چلنے کی بھی پیشگوئی کی ہے، شہر کے کمزور انفراسٹرکچر کو تیز ہواؤں کے سبب نقصان کا اندیشہ ہے جب کہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سمندر میں تیز ہواؤں کے سبب طغیانی رہے گی ،اس دوران ماہی گیروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ کراچی میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 1 سے 15 جولائی کے درمیان یکے بعد دیگرے مون سون بارش کے سلسلے شہر سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا سبب بن سکتے ہیں جب کہ  7 یا 8 جولائی سے کراچی میں مون سون کا دوسرا اسپیل بارش برسائے گا جس کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک چلے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی کا کہنا تھا کہ کتنی شدت کی بارش ہوگی یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔