دل کی صحت کے لیے اچھی نیند مفید قرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جولائی 2022
ادارےکے صدر کے مطابق نیند کے متعلق یہ اقدام امراض قلب پر کی جانے والی تازہ ترین تحقیق کے پیشِ نظر ہے

ادارےکے صدر کے مطابق نیند کے متعلق یہ اقدام امراض قلب پر کی جانے والی تازہ ترین تحقیق کے پیشِ نظر ہے

ٹیکساس: یہ بات عموماً کہی جاتی ہے کہ رات کی اچھی نیند صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوتی ہے اور اب اس بات پر سائنس دانوں نے بھی مہر ثبت کر دی ہے۔

دنیا کے بڑے ماہرینِ امراضِ قلب نے دل کو صحت مند رکھنے والے اساسی اقدامات میں نیند کے دورانیے کو بھی شامل کرلیا ہے۔

امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صحت مند دل کے لیے نیند کا بہترین دورانیہ سات سے نو گھنٹے کے درمیان کا ہے۔

سال 2010ء میں اس ادارے نے دل کی اچھی صحت کے لیے سات اقدامات کی فہرست شائع کی تھی جس کا نام ‘Life’s Simple 7’ تھا۔ ان عوامل میں صحت مند غذا، مسلسل ورزش اور سگریٹ نوشی کا ترک کیا جانا شامل تھے۔

اس فہرست میں وقت کے ساتھ بہتری لائی گئی ہے لیکن اس میں نیند کی صلاح کا اضافہ، پہلی بار اس فہرست میں کیا جانے والا کوئی اضافہ ہے۔

ادارے کے صدر ڈاکٹر ڈونلڈ لائڈ جونز کا کہنا تھا کہ نیند کے متعلق یہ اقدام امراض قلب پر کی جانے والی تازہ ترین تحقیق کے پیشِ نظر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیند پوری صحت پر اثرات انداز ہوتی ہے، وہ لوگ جو صحت مندانہ نیند لیتے ہیں وہ وزن، فشارِ خون یا ٹائپ 2 ذیابیطس سے زیادہ مؤثر انداز میں بچ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی ٹیکنالوجی لوگوں کو گھروں پر ان کی نیند کے متعلق بتاسکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ اب انہیں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ دل کی صحت بہتر کرنے کے لیے ان کو کس چیز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔