ملکی طلب کا 92 فیصد خوردنی تیل 4.5 ارب ڈالر سے درآمد کیا جاتا ہے، بریفنگ

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: ملک میں سالانہ 8 فیصد خوردنی تیل مقامی سطح پر حاصل کیا جاتا ہے جبکہ 4.5 ارب ڈالر کی لاگت سے 92 فیصد تیل درآمد کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت خوردنی تیل میں کفالت حاصل کرنے کے حوالے سے بنائے جانے والے پلانز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو خوردنی تیل میں خود کفیل بنانا ترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے۔

نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت ملک میں خوردنی تیل کی طلب 4.517 ملین ٹن ہے، طلب کا آٹھ فیصد ملکی پیداوار سے پورا ہورہا ہے کہ جب کہ 4.5 ارب ڈالر مالیت سے 92 فیصد تیل درآمد کیا جارہا ہے۔

خودکفالت پروگرام کے تحت خوردنی تیل کی پیداوار پہلے سال 0.745 ملین، 5 سال میں 1.192 اور 10 سال بعد 4.793 ملین ٹن تک لے جانے کی تجویز دی گئی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خوردنی تیل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے، عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے، خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر تمام صوبوں کے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک ہفتہ کے اندر روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔