اسرائیل میں 4 سال میں چوتھی بار پارلیمنٹ تحلیل نئے الیکشن کا اعلان

سیاسی عدم استحکام کے شکار اسرائیل میں چار سال میں پانچویں بار الیکشن ہوں گے


ویب ڈیسک July 01, 2022
یائر لیپیڈ ( تصویر میں دائیں طرف) نگراں وزیراعظم ہوں گے، فوٹو ٖفائل

ISLAMABAD: حکومت کے اکثریت کھو جانے کے بعد ایک بار پھر اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی اور ملک میں نئے الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اتحادی حکومت میں پڑنے والی دراڑوں کے نتیجے میں گزشتہ برس جون میں ہی وزیراعظم بننے والے بینیٹ نفتالی ٹھیک ایک سال بعد اکثریت کھو بیٹھے۔

وزیراعظم نفتالی بینیٹ کو پارلیمنٹ تحلیل کرنا پڑی جس کے بعد نگراں وزیراعظم کے طور ان کی کابینہ کے وزیرخارجہ اور اتحادی یائر لیپیڈ آج کسی وقت عہدہ سنبھال لیں گے۔

پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد ملک بھر میں نئے الیکشن کرانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ یہ الیکشن گزشتہ 4 برسوں میں پانچویں بار ہونے جا رہے ہیں کیوں کہ ہر بار بننے والی اتحادی حکومت سال سے زیادہ نہیں چل سکی تھی۔

ادھر سبکدوش وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے آئندہ ہونے والے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے البتہ یائر لیپیڈ کے نگراں وزیراعظم بننے پر وہ الیکشن کے کرانے تک متبادل وزیراعظم کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ نفتالی بینیٹ اور یائر لیپیڈ نے مشترکہ طور پر گزشتہ برس نیتن یاہو کے 12 سالہ اقتدار کا خاتمہ کرکے اتحادی حکومت قائم کی تھی تاہم یہ حکومت بھی ایک سال ہی چل سکی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں