حکومت نے عمران خان دور کی دو بڑی سبسڈی والی اسکیمیں ’معطل‘ کردیں
میرا پاکستان میرا گھر اور کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم سے متعلق ادائیگیاں روکنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا
ISLAMABAD:
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابق دور حکومت میں کم لاگت کے مکانات اور نوجوانوں کے کاروبار کے لیے متعارف کرائی گئی دو بڑی سبسڈی والے قرض کی اسکیموں کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔
حالیہ میکرو اکنامک صورتحال کے پیش نظر 'یہ مشورہ دیا گیا کہ حکومت پاکستان 'گورنمنٹ مارک اپ سبسڈی (G-MSS) برائے ہاؤسنگ فنانس' کے فیچرز پر نظر ثانی کر رہی ہے جسے عام طور پر میرا پاکستان میرا گھر (ایم پی ایم جی) اسکیم کہا جاتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے ایک نوٹی فکیشن میں کہا کہ (تجارتی) بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) اور مائیکرو فنانس بینکوں (ایم ایف بیز) کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایم پی ایم جی کے تحت یکم جولائی 2022 سے 31 اگست 2022 تک مزید ادائیگیاں روک دیں۔
اس میں کہا گیا کہ تاہم ان صورتوں میں جہاں 30 جون 2022 تک جزوی ادائیگیاں ہو چکی ہیں، بینک/ ایم پی ایم جی، ایم ایف بیز اور ڈی ایف آئیز کے تحت باقی رقم جاری کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے 2020 میں ایم پی ایم جی اسکیم کے تحت سبسڈی والے قرضے متعارف کرائے تھے۔
بینک اب تک 85 ارب روپے تقسیم کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسکیم کے تحت 474 ارب روپے کی ڈیمانڈ کے خلاف 212 ارب روپے کی درخواستوں کی منظوری دی ہے۔ حکومت نے وزیراعظم کی کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم (PMKJ-YES) کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔