طلولہ رائیلی نے ایلون مسک سے دوبارہ شادی کیوں کی؟اداکارہ نے وجہ بتا دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جولائی 2022
 طلولہ رائیلی  اور  ایلون مسک کی پہلی شادی 2010 سے 2012 تک قائم رہی(فائل فوٹو)

طلولہ رائیلی اور ایلون مسک کی پہلی شادی 2010 سے 2012 تک قائم رہی(فائل فوٹو)

نیویارک: ایلون مسک کی سابقہ اہلیہ طلولہ رائیلی نے کہا ہے کہ ان کے اور مسک کےدرمیان اب بھی گہری دوستی ہے اور وہ آج بھی ان سے بےحد محبت کرتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی سابقہ اہلیہ، اداکارہ طلولہ رائیلی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ایلون مسک سے دوبارہ شادی کرنے کے حوالے سے بات کی۔

انہوں نے  ایلون مسک سے دو بار شادی کرنے کی وجہ بتاتےہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں دوبارہ شادی کرنے کی وجہ صرف یہ تھی کہ طلاق کے بعد بھی ایک ساتھ رہنا احمقانہ سا محسوس ہوا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم طلاق کے بعد بھی عادتاََ ایک دوسرے کو کہہ رہے ہوتے تھےکہ یہ میرا شوہر ہے یا یہ میری بیوی ہے اور پھر خیال آتا کہ اوہ،  ہم اب میاں بیوی نہیں ہیں‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ صورتحال دیکھ کر ہم نے سوچا کہ بہتر ہے کہ ہم دوبارہ شادی کرلیں‘۔

طلولہ رائیلی نے مزید بتایا  کہ ’ایلون مسک کے ساتھ بہت گہری محبت اور تعلق ہے، وہ بہت اچھے دوست ہیں، میرا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم اب زندگی کے ایک خوشگوار موڑ پر ہیں، جہاں ہم ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں اور مجھے ان سے بے پناہ محبت ہے‘۔


یاد رہے کہ طلولہ رائیلی اور ایلون مسک کی پہلی شادی 2010 سے 2012 تک قائم رہی اور دوسری شادی 2013 سے 2016 تک قائم رہ سکی، جس کے بعد دونوں نے ایک مرتبہ پھر راہیں جدا کرلیں۔

تاہم اداکارہ نے آج کل اپنے اور ایلون مسک کے  پانچ بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے دوری اختیار کی ہوئی ہے جبکہ وہ ساتھی اداکار تھامس بروڈی  سے بھی گہرے تعلقات میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔