پریڈ گراؤنڈ جلسہ؛ پستول لے کر پنڈال میں داخل ہونے والا شخص گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جولائی 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: مہگائی کے خلاف پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے میں پستول لے کر پنڈال میں داخل ہونے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پریڈ گراؤنڈ جلسہ میں ایک شخص سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس حکام نے جلسہ گاہ انٹری پوائنٹ پر غنی نامی شخص سے اسلحہ برآمد کیا۔

حکام کے مطابق اسلحہ بردار شخص خیبرپختونخوا کے شعبہ پبلک ہیلتھ کا ملازم نکلا جس کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور 10 راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے اسلحہ بردار شخص کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی۔

فیض آباد؛ مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد 

علاوہ ازیں پولیس نے فیض آباد کے مقام پر مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ گاڑی کو کالے شیشوں کے سبب روکا اور کار سوار تحریک انصاف کی جلسہ گاہ جا رہے تھے، کار سواروں کو مشکوک پاتے ہوئے تلاشی لی گئی جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق کار سواروں کو مزید تحقیقات کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔

سکیورٹی مزید الرٹ کرنے کے احکامات 

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز نے سکیورٹی کو مزید الرٹ کرنے کا احکامات جاری کردیے ہیں اور ہدایت دی کہ چیکنگ میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس طرح کے مزید افراد بھی موجود ہوسکتے ہیں اس لیے  سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، عوام کی جان و مال کی حفاطت اسلام کیپیٹل پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے جلسے کے منتظمین سے گزارش کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں، خطرات اندرونی بھی ہوسکتے ہیں چاہے کوئی اپنے آپ کو سرکاری ملازم بھی ظاہر کرے پھر بھی سکیورٹی چیک کی جائے، دہشت گردی کے خطرات اس کے علاوہ ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔