کراچی میں آج سے آئندہ دو روز تک موسلادھار بارش کا امکان

اتوار سے 5جولائی تک ہونے والی بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک July 03, 2022
(فوٹو: فائل)

محکمہ موسمیات نے ہفتے کو برسات نہ ہونے کے بعد آج (اتوار) سے 5 جولائی تک شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم بعدازاں سسٹم کے آگے بڑھنے کے سبب آندھی چلنے کی پیش گوئی کی نفی کی گئی۔

بعد ازاں محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، معمول سے ذیادہ تیز ہوائیں چلنے اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر مطلع جزوی یا مکمل ابرآلود رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

شہر میں دن بھر 10 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اتوار سے داخل ہونے والا سسٹم پانچ جولائی تک سندھ میں رہے گا، جس کے بعد کراچی، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ بدین، میر پورخاص، ٹھٹہ،حیدرآباد،ٹنڈومحمد خان،ٹنڈو الہیار،دادو جامشورو میں بڑے پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سسٹم کے ممکنہ اثرات کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دادو کے شہری علاقوں میں نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ تیز ہوا سے کمزور املاک بشمول سائن بورڈز اور درخت وغیرہ گرنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 جولائی کے درمیان سمندری حالات ناہموار ہونے کی صورت میں ماہی گیروں کو اس دورانیے میں اضافی احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق مشرقی سندھ میں موجود مون سون سسٹم کے عقب میں ایک اور اسپیل بھی بن رہا ہے، جس کی وجہ ابتدائی سلسلے کے آگے بڑھنے کی رفتارمیں کمی ہوئی، مشرقی سندھ میں موجود مون سون سسٹم کا کچھ حصہ زمین کی سطح جبکہ کچھ سمندر میں موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں