عمران خان کی وجہ سے آج آئی ایم ایف کو پاکستان پر اعتبار نہیں رہا، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جولائی 2022
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

 لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کو واضح کیا  ہے کہ عمران خان کی وجہ سے اب انہیں پاکستان پر اعتبار نہیں ہے۔

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 167 کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر مسلط ہوا اور اُس نے خزانے کو خالی کردیا، بات توشہ خانے کی نہیں بلکہ عادت کی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان کا خزانہ خالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جگہ جگہ جاکر اپنی حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، کیا عوام نے اسے پاکستان ٹھیکے پر دیا ہوا تھا جو لوٹ کھسوٹ کرنے دیتے۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے چلینجز میں حکومت حاصل کی اور عوام یقین رکھے کہ ملک کو چلینجز سے بھی مسلم لیگ ن ہی نکالے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کا ساتھ دیں ہم آپ کو ان مشکلات سے نکالیں گے، آج ہمیں قیمتیں بڑھانی پڑ رہیں تو یہ فتنہ خان کی وجہ سے ہے، پوری محنت کے ساتھ نواز شریف اور شہباز شریف آپکو ان بحرانوں سے نکالیں گے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ہمیں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ پر بڑھانی پڑ رہی ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم مانیکا گزشتہ چار سالوں میں ارب پتی ہوگیا جبکہ فرح گوگی نے بھی عوام کا پیسہ خوب لوٹا، ہمارے امیدوار نذیر چوہان جیسے لوگوں نے پنجاب کے عوام کی ان ظالموں سے جان چھڑائی جس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔