امریکا کیلیے ملکی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا، مسعود خان

ایکسپریس نیوز  اتوار 3 جولائی 2022
ٹیک سیکٹر میں پاک امریکا پارٹنر شپ آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہو گی۔ فوٹو: فائل

ٹیک سیکٹر میں پاک امریکا پارٹنر شپ آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہو گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکا کے لیے پاکستان کی سال بہ سال برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ سال برآمدات نے پہلی دفعہ 5 ارب ڈالر سے تجاوز کیا تھا۔ اس مالی سال جولائی سے مئی 2022 تک برآمدات چھ اعشاریہ سولہ ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے ایک بیان میں کہا کہ جون کے اعداد و شمار ابھی آنے ہیں جو امریکا کیلیے برآمدات کے مجموعی حجم میں مزید اضافہ کریں گے۔ گذشتہ مالی سال امریکا سے پاکستان کیلیے درآمدات دو اعشاریہ چار ارب ڈالر رہیں۔ جولائی سے مئی 2022 کے عرصے میں درآمدات دو اعشاریہ بہتر ارب تک بڑھ گئیں۔ لہذا درآمدات میں اضافہ معمولی رہا جبکہ ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ امریکا ہمارا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان کی سب سی بڑی برآمدات کی منزل ہے۔ ہماری برآمدات میں اضافہ بہت حوصلہ افزا رجحان ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ سروسز اور آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانی برآمدات دو ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ مجموعی طور پر برآمدات کا کل حجم بشمول سروسز اور آئی ٹی آٹھ ارب سے بڑھنے کی توقع ہے۔ پاکستان کے ٹیک سیکٹر جسے بنیادی طور پر امریکی کاروباری کمپنیوں کی معاونت حاصل رہی ہے نے غیر معمولی نتائج دکھائے ہیں۔ اس میں مثبت اضافے کا رجحان رہے گا۔ حالیہ مہینوں میں ٹیک سیکٹر میں نصف ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور کمائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل انٹرپرائزز گلوبل ہو رہی ہیں جو کہ مزید نمو کے لئے تیار ہیں۔ ٹیک سیکٹر میں پاک امریکہ پارٹنرشپ آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہوگی حالیہ سالوں میں پاکستان نے سرمایہ کاری اور ٹریڈ کے حوالے سے پاک امریکہ قریبی تعلقات کے قیام پر زور دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔