ڈیفنس کے بنگلوں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والا 5رکنی گروہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 3 جولائی 2022
ملزمان سے بھاری مالیت کے طلائی زیورات، دستی گھڑیاں، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی برآمد۔ فوٹو : فائل

ملزمان سے بھاری مالیت کے طلائی زیورات، دستی گھڑیاں، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی برآمد۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ڈیفنس کے بنگلوں میں ڈکیتی اور نقب زئی کی وارداتیں کرنے والے 5 رکنی گروہ کو درخشاں انویسٹی گیشن پولیس نے کئی دنوں کی جہدوجد کے بعد گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والے 5 رکنی گروہ نے منصوبہ بندی کے تحت ڈیفنس کا ایک بنگلہ کرائے پر حاصل کیا اور جس بنگلے میں رہائش اختیار کی اس کے اطراف کے بنگلوں کی ریکی کرتے تھے، جس بنگلے میں کوئی بھی نہیں ہوتا تھا ملزمان مذکورہ بنگلے میں رات کے اندھیرے میں داخل ہوکر واردات کرکے دوبارہ اپنے بنگلے میں چلے جاتے تھے۔

ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساوتھ انویسٹی گیشن ڈاکٹر عمران کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی اور کہا کہ جلد از جلد ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں گرفتار کیا جائے۔

ایس پی درخشاں اور ایس آئی او درخشاں راو رفیق نے کئی دنوں کی جہدوجد کے بعد سراغ لگایا کہ ملزمان ڈیفنس کے ایک بنگلے میں رہتے ہیں اور رات کو نکل کر واردات کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔

ٹیم نے اتوار کی صبح بنگلے پر چھاپہ مارکر 5 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرکے بھاری مالیت کی طلائی چوڑیاں، انگوٹھیاں، کنگن، چین، بالیاں، بندے، پازیب، دستی گھڑیاں، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ایس آئی او درخشاں راو رفیق کے مطابق گرفتار ملزمان میں سخاوت گوپانگ، عابد، شہباز خان، کامران اور عمران شامل ہیں، ملزمان اطراف کے بنگلوں میں ڈرائیور، خانسامہ اور چوکیداری کی نوکری بھی حاصل کرنے کے بعد واردات کرتے تھے۔

ملزمان کے خلاف ڈیفنس کے مختلف تھانوں میں 12 سے زائد نقب زئی کے مقدمات درج ہیں۔

ملزمان رحیم یار خان کے کچے کے علاقوں میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں کرتے تھے۔ گزشتہ ایک سال سے کراچی میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے۔ پانچوں گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ عناصر ہیں اور روپ دھار کر چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔