کراچی؛ کیش وین سے 20کروڑ روپے لوٹنے والے 2مفرور ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 3 جولائی 2022
ملزمان کا ایک ساتھی کیش وین کا ڈرائیور تھا، پولیس۔ (فوٹو فائل)

ملزمان کا ایک ساتھی کیش وین کا ڈرائیور تھا، پولیس۔ (فوٹو فائل)

 کراچی: کیشن وین سے 20 کروڑ روپے لوٹنے والے 2 مفرور ملزمان کو بہادر آباد پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ اور چرس برآمد کرلی۔

ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بہادر آباد پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چار مینار چورنگی کے قریب کیشن وین لوٹنے والے 2 ملزمان موجود ہیں، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارکر ملزمان مدثر شاہ اور محمد عابد کو گرفتار کرکے 1 ٹی ٹی پسٹل، ایک کلو چرس اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ملزمان نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے 9 اگست 2021 میں میٹھادر تھانے کی حدود آئی آئی چندریگر روڈ سے بینک کی کیش وین چھین کر فرار ہوگئے تھے، ملزمان وین سے رقم لوٹنے کے بعد وین چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

ملزم عابد واردات کے بعد افغانستان فرار ہوگیا تھا اور حال ہی میں کراچی آیا تھا جبکہ مدثر پہلے بھی ڈکیتی کے الزام میں سچل پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے۔

ملزمان کا ایک ساتھی کیش وین کا ڈرائیور تھا، وین کے ڈرائیور نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کیش وین لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا، کیش وین کے ڈرائیور سمیت اس کے دیگر ساتھیوں کو میٹھادر پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔