فرح شہزادی کا صوبائی وزرا کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 3 جولائی 2022
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

 لاہور: سابق خاتونِ اوّل کی سہیلی فرح خان (شہزادی) نے پنجاب کے صوبائی وزرا عطا تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فرح شہزادی نے صوبائی وزرا کی پریس کانفرنس میں عائد الزامات کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیر قانون ملک احمد خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔

فرح شہزادی کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ عطا تارڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعوی سول عدالت میں دائر کیا جا رہا ہے کیونکہ صوبائی وزرا نے جس پلاٹ سے متعلق الزام لگایا جا رہا اُسے قانونی تقاضے پورے کر کے خریدا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ثابت ہوگیا بشریٰ بی بی کے حکم پر ہمارے خلاف غداری کے ٹرینڈ چلائے گئے، ن لیگ

اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے فرح شہزادی کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کمپنی کا نام لیا جا رہا ہے وہ ایس ای سی پی میں 26 نومبر 2020 سے رجسٹرڈ اور فرح خان اور اُن کی والدہ بشرا خان اس کے شئیر ہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس پلاٹ کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کی صرف 1 قسط ہی ادا کی گئی ہے، اس پلاٹ کی ابھی عارضی آلاٹمنٹ ہوئی ہے، اگر کوئی بے ضابطگی ہوئی بھی ہے تو پلاٹ کینسل ہو سکتا ہے۔

اظہر صدیق ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ فرح شہزادی کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جارہی ہے اور مقدمے میں بھی اُن ہی دفعات کو شامل کیا گیا جبکہ ایف آئی آر اب تک فراہم نہیں کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ جس پلاٹ کا الزام لگایا گیا اُس پر حکم امتناعی آنے کے بعد کوئی قسط تاحال ادا نہیں کی گئی اور یہ اراضی ابھی تک فرح خان کی ملکیت میں بھی نہیں آئی، درخواست کی فیس 31 ہزار جبکہ ابتدائی طور پر 2 کروڑ 7 لاکھ 50 ہزار جمع کروائے گئے، بقیہ 8 اقساط تھیں جو ہر 3 ماہ بعد جمع کروانا تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پلاٹ کی مالیت 8 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے، تین ماہ بعد قسط 77 لاکھ 85 ہزار ہے، جس میں سے صرف 1 قسط فروری میں 77 لاکھ 81 ہزار 150 روپے آدا کی گئی، اُس کے بعد عدالتی معاملہ آیا تو اقساط کو روک لیا گیا تھا۔

اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ اس معاملے سے عمران خان اور سابقہ خاتون اول بشری بی بی کا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ سارا معاملہ عمران خان اور اُن کی اہلیہ کو بدنام کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزرا کی پریس کانفرنس 

قبل ازیں صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیرقانون ملک احمد خان نے پریس کانفرنس میں سابق خاتون اوّل بشری بی بی ، عمران خان اور فرح گوگی پر الزامات عائد کیے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ’لوٹ کر کھا گئے پاکستان، بشریٰ، گوگی اور کپتان‘‘، فرح گوگی نے 10 ایکڑ کا انڈسٹریل پلاٹ جو کہ 60 کروڑ روپے مالیت کا تھا وہ پلاٹ 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں اپنے نام کروایا، احسن جمیل نے جعلی بینک گارنٹی لے کر پلاٹ اپنے نام منتقل کروایا جب کہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں بیٹھ کر ڈیل کرتی تھی‘۔

عمران خان کی کرپشن پر نیٹ فلیکس کی سیریز بنے گی، عطا تارڑ

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں، عمران خان کی کرپشن پر تو نیٹ فلیکس میں سیریز بنے گی کیوں کہ فرح گوگی، بشری بی بی اور جمیل گجر کی ٹرائیکا کے سربراہ عمران خان ہیں۔

مزید پڑھیں: فرح شہزادی کرپشن کیس میں پیشرفت، دو ملزمان گرفتار

عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان فرح گوگی اور اس کے خاوند کو واپس لائیں، ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہے ہیں، آپ کا کوئی ڈاکا 50 کروڑ سے کم کا نہیں، آپ کی کرپشن سامنے آتی ہے تو آپ فوج کو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں اور اداروں پر حملے شروع کردیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔